امریکہ ،شمالی کوریا کے باقاعدہ رابطے میں:وائٹ ہاؤس

   

واشنگٹن،6مارچ(اسپوتنک)امریکہ نے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے افسران کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہے اور گزشتہ ہفتے ہنوئی میں دونوں ملکوں کے لیڈروں کے درمیان ہوئی چوٹی کانفرنس میں ان کے تبادلہ خیال میں پیشرفت ہوئی ہے ۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان رابرٹ پالاڈینو نے نامہ نگاروں کو یہ اطلاع دی۔انہوں نے کہا،‘‘ہم شمالی کوریا کے افسران کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہیں اور ہنوئی چوٹی کانفرنس میں بات چیت کے سلسلے میں پیشرفت ہوئی ہے ۔یہ سچ ہے کہ ہمارے درمیان کسی معاہدے کے سلسلے میں اتفاق نہیں ہوپایا ہے ،لیکن ہم نے بہت تفصیلی بات چیت کی ہے جس نے کئی مسئلوں پر اختلافات کو کم کیا ہے ۔امریکہ کوریائی جزیرے کے نیوکلیئر تخفیف اسلحہ کی سمت میں آگے بڑھنا چاہتا ہے اور چوٹی کانفرنس میں ہوئی بات چیت کے سلسلے میں ہوئی ترقی کی رفتار بڑھانا چاہتا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ویتنام کے ہنوئی میں گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونالٹ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان کے درمیان دوسری اہم چوٹی کانفرنس میں کوئی معاہدہ نہیں ہوسکا تھا۔چوٹی کانفرنس میں دونوں لیڈروں نے نیوکلیئر تخفیف اسلحہ اور معیشت کو بہتر کرنے کے لئے کئی اقدامات پر بات چیت کی تھی۔