امریکہ ، اسرائیل کو جنگی جرائم کیس سے بچائے گا : کملاہیرس

   

واشنگٹن :۔ اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت میں کیس پر سماعت سے پہلے ہی امریکہ نے اسرائیل کو تیقن دیا کہ وہ اسے جنگی جرائم کیس سے بچائے گا ۔ امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو سے ملاقات کے دوران فلسطینی علاقوں میں ممکنہ جنگی جرائم کی بین الاقوامی فوجداری عدالت آئی سی سی کی تحقیقات کی امریکی مذمت کی تصدیق کردی ہے ۔ کملا ہیرس کا بنجامن نتن یاہو سے یہ پہلا سرکاری رابطہ ہے ۔ کملاہیرس نے عالمی فوجداری عدالت کی اسرائیلی جنگی جرائم کی تحقیقات کے فیصلہ پر امریکہ کی جانب سے اعتراض کیے جانے اور مخالفت کی اسرائیل کو یقین دہانی کرائی ہے ۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ نے فروری میں کہا تھا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں جنگی جرائم کی تحقیقات کی جائے گی۔ چیف پراسیکوٹر نے وعدہ کیا ہے کہ فلسطینیوں پر ظلم و زیادتیوں کی تحقیقات آزادانہ غیر جانبدارانہ اور بغیر کسی خوف کے کی جائے گی ۔ جنوری میں جوبائیڈن نظم و نسق کے حلف لینے کے بعد اسرائیل کے ساتھ امریکہ کے تعلقات میں سرکاری طور پر یہ پہلا رابطہ ہے ۔۔