امریکہ ، ہندوستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کوشاں : پومپیو

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ اپنی انڈور پیسیفک حکمت عملی کے تحت ہندوستان کیلئے ایسے کئی مواقع پیدا کرے گا جس کے تحت ہندوستان اپنی معیشت کو مزید مستحکم کرے۔ یاد رہے کہ کچھ ہفتہ قبل امریکی تجارتی نمائندوں کے ایک وفد نے ہندوستان کا دورہ کرتے ہوئے باہمی تجارت کے اُمور پر تفصیلی بات چیت کی تھی، خصوصی طور پر ٹیکس کے موضوع پر زائد توجہ دی گئی تھی اور اس پس منظر میں پومپیو کے بیان کو کافی اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے۔ انڈو پیسیفک خطہ کے دورہ پر اپنے ساتھ سفر کرنے والے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی انڈو پیسیفک حکمت عملی ثمرآور ثابت ہورہی ہے، نہ صرف انڈو پیسیفک بلکہ امریکہ کیلئے بھی یہ حکمت عملی سودمند ثابت ہورہی ہے۔ قبل ازیں ہندوستان کے سفیر متعینہ امریکہ ہرش وردھن شرنگلا نے کولوراڈو میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ اور ہندوستان کے درمیان تجارت کا تخمینہ 2018ء میں 142 بلین ڈالرس ہوگیا تھا اور اب دونوں ممالک کا اگلا نشانہ چھوٹی اور درمیانی تجارتوں کو باہمی فروغ دینا ہے۔