امریکہ آئندہ 100 دن میں ایک لاکھ وینٹیلیٹرس تیار کریگا

,

   

دوست اور حلیف ممالک کو بھی فراہمی کیلئے تیار ۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا اعلان

واشنگٹن 28 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ اپنے دوست اور حلیف ممالک کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کثیر تعداد میں وینٹیلیٹرس فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یہ اعلان کیا ۔ امریکہ میں ویٹیلیٹرس کے علاوہ دوسرے طبی آلات کی تیاری کو تیز کردیا گیا ہے جن کی امریکہ میں اور بیرونی ممالک میں بھی ضرورت پڑسکتی ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ان کا انتظامیہ ان ویٹیلیٹرس اور دوسرے آلات کو دنیا کے مختلف ممالک کو فراہم کریگا ۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ آئندہ 100 دن میں ایک لاکھ ویٹیلیٹرس اپنے حلیف ممال کو فراہم کرسکتا ہے ۔ صدر ٹرمپ نے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے یہ اعلان کیا ۔ جانسن نے ٹرمپ سے بات چیت میں مدد کیلئے پہلی جو اپیل کی وہ وینٹیلیٹرس کی فراہمی ہی کی تھی ۔ واضح رہے کہ کل ہی بورس جانسن اس وائرس سے متاثر قرار پائے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ بورس جانسن بھی آج وینٹیلیٹرس فراہم کرنے کو کہہ رہے تھے ۔ افسوس کی بات ہے کہ وہ بھی اس سے متاثر ہوگئے ہیں۔ یہ بہت تکلیف دہ صورتحال ہے تاہم وہ صحتمند ہوجائیں گے ۔ تاہم برطانوی حکام ‘ اطالوی حکام ‘ اسپین کے حکام اور جرمنی کے حکام بھی وینٹیلیٹرس حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ سبھی کو ان کی ضرورت ہے ۔ ہم ان وینٹیلیٹرس کی تیاری کرینگے اور ان ضروریات کا خیال رکھیں گے ۔ تاہم ہم دوسرے ممالک کی بھی مدد کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ آئندہ ایک سو دنوں میں ایک لاکھ وینٹیلیٹرس تیار کریگا ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اس بات کے امکانات ہیں کہ امریکہ کو اتنی کثیر تعداد میں وینٹیلیٹرس کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔

امریکی سنیٹر مائیک کیلی کورونا پازیٹو
واشنگٹن۔ 28 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)امریکی سنیٹرمائیک کیلی کورونا سے مثبت پائے گئے اور اس کے ساتھ وہ امریکی کانگریس کے پانچویں رکن ہو گئے ہیں، جو اس سے متاثر ہیں۔ یہ اطلاع کیلی کے دفتر نے جمعہ کو پریس ریلیز جاری کرکے کر دی۔ مسٹر کیلی نے کہا، کہ اس ہفتہ کے شروع میں جب میں نے ہلکے فلو کی علامات کا ٹسٹ کیا، تو میں نے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کیا۔ ڈاکٹر نے مجھے کووڈ -19 کی جانچ کرانے کہا … میری جانچ رپورٹ آج مثبت آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان میں انفیکشن ہلکے ہیں اور وہ بالکل ٹھیک ہونے تک گھر سے ہی کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس انفیکشن کی وجہ سے جمعہ کو ایوان نمائندگان میں ووٹنگ کرنے اور دو ٹریلین کے ریلیف پیکیج کو منظوری دینے کے دوران موجود نہیں ہو سکے ۔قابل ذکر ہے کہ ایوان نمائندگان کے تین رکن ماریو ڈیاز بلرٹ، بین ایم سی ایڈمز اور جوئے کنگھم اور سینیٹر ریڈ پال پہلے ہی کورونا وائرس سے متاثر پائے جا چکے ہیں۔