امریکہ اور اسرائیل کے حملہ میں ایران کی کئی تاریخی عمارتوں کو نقصان

   

اصفہان کی جامع مسجد اور تہران کا تاریخی محل نشانہ پر، یونیسکو کا اظہار تشویش
حیدرآباد ۔19 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں کئی تاریخی اور تہذیبی عمارتوں بشمول محلات اور مساجد کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کے تہذیبی ادارہ یونیسکو نے امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں ایران کے علاوہ لبنان میں تاریخی عمارتوں کو نقصان کی توثیق کی ہے۔ جنگ میں توسیع کے نتیجہ میں ایران کے تاریخی اور تہذیبی مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا جس پر یونیسکو نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ایران کی تاریخی اور تہذیبی شناخت کے علاوہ عالمی ، تہذیبی ورثا میں شامل عمارتوں کو ایران اور لبنان میں نقصان پہنچایا گیا اور یونیسکو سے دونوں حکومتوں نے تاریخی عمارتوں کے تحفظ کی خواہش کی ہے۔ یونیسکو کی جانب سے تاریخی عمارتوں کی فہرست میں ایران کی بعض عمارتوں کو شامل کیا جانا تھا۔ یونیسکو نے تہران میں واقع قجر گلستان پیالیس کے علاوہ اصفہان میں 17 ویں صدی کے تاریخی محل اور جامع مسجد کو بمباری میں نقصان کی توثیق کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق خرم آباد وادی میں واقع تاریخی عمارتوں کو بھی حملہ میں نقصان پہنچا ہے۔ گلستان پیالیس کے کئی حصوں کو امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں نقصان پہنچا اور اس سلسلہ میں میڈیا کے بعض گوشوں کی جانب سے ویڈیو وائرل کیا گیا جس میں محل کی خستہ حالت کو پیش کیا گیا ہے ۔ مشرق وسطی میں ایران ایسا ملک ہے جہاں تاریخی نوعیت کی کئی اہم یادگاریں موجود ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں لبنان کی بعض تاریخی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ یونیسکو سے وابستہ افراد نے تاریخی عمارتوں کو نشانہ بنائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔1