امریکہ اور اسرائیل کے درمیان نظریاتی اختلافات میں اضافہ: اسرائیلی چینل

   

واشنگٹن / تل ابیب : اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتین یاہو اور امریکی وزیر خارجہ ا نٹونی بلنکن کے درمیان ملاقات ناخوشگوار ماحول میں ہوئی جس پر دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کے معاملے میں نظریاتی اختلافات مزید زور پکڑ گئے ہیں۔اسرائیل کے چینل 12 کی خبر کے مطابق، اسرائیلی وزارت عظمی نے تاحال اس ملاقات کے بارے میں کسی قسم کا بیان جاری نہیں کیا ہے جو کہ دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات کاغماز نظر آتا ہے۔ خبر کا کہنا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے حوالے سے اختلافات مزید زور پکڑ گئے ہیں اور لگتا ہے کہ واشنگٹن کا صبر ختم ہو رہا ہے۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ترکیہ اور یونان کے بعداردن ،قطر،متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے دورے کیے تھے جس کے بعد گزشتہ پیر کو انہوں نے اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ ،وزیراعظم نیتین یاہو ،وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز اور جنگی کابینہ کے ارکان سے ملاقات کی تھی۔