امریکہ اور برطانیہ کے کورونا ویکسین ناقابل بھروسہ ، خامنہ ای

   

تہران : ایران میں امریکہ اور برطانیہ کے کورونا ویکسین کو ناقابل بھروسہ قرار دیا ہے ۔ اس ویکسین کو ایران میں استعمال نہیں کیا جائے گا ۔ ایران کے سپریم رہنماء خامنہ ای نے امریکہ اور برطانیہ سے آنے والی کووڈ۔19 ویکسینوں پر پابندی لگادی ہے اور کہا ہے کہ یہ ویکسین مکمل ناقابل بھروسہ ہیں ۔ یہ ممالک دیگرملکوں کو صحت یاب ہونے نہیں دیں گے ۔ فرانس کے ایچ آئی وی سے آلودہ خون کی سربراہی کا ہمیں تلخ تجربہ ہے ۔ ہمیں فرانس کے ویکسین پر بھی بھروسہ نہیں ہے اور نہ ہی ہم کسی بھی مغربی ممالک کے ویکسین پر بھروسہ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران مشرق وسطیٰ میں کورونا وائرس سے بری طرح متاثرہ ملک ہے ۔ ایران میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ بتائی جاتی ہے ۔ اموات کی تعداد 56100 ہے ۔ ایرانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورونا کے نئے کیسوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔