اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا کی صورتحال سرد جنگ کی جانب جاتی دکھائی دے رہی ہے اور بلاکس بن رہے ہیں جسے روکنے کی کوشش کرنی چاہیے اور پاکستان کو کسی بلاک کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی سرد جنگ سے دنیا کو بہت بڑا نقصان ہوا اس لیے پاکستان پھنسنا نہیں چاہتا بلکہ چاہتا ہے کہ لوگوں کو قریب لایا جائے جیسے ہم نے ایران اور سعودی عرب تنازع میں کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان نے جس طرح 70 کی دہائی میں امریکہ اور چین کے تعلقات استوار کرائے اسی طرح ہم کسی طرح ان کے بڑھتے ہوئے فاصلوں کو روکیں کیوں تجارت میں مسابقت ہمیشہ رہی ہے لیکن کہیں اس سے آگے نہ چلے جائیں جیسا سویت یونین،امریکہ اور مغربی ممالک کے درمیان معاملات تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے سامنے دوسرا بڑا مسئلہ افغانستان ہے جہاں اس سے برے حالات ہوسکتے تھے اور ہمیں خانہ جنگی شروع ہونے کا خدشہ تھا جو ہمارے لیے سب سے خوفزدہ صورتحال تھی۔’ہمارے مستقبل کے لیے افغانستان میں امن ہونا بہت ضروری ہے‘انہوں نے مزید کہا کہ خانہ جنگی شروع ہوجاتی تو یہاں مہاجرین آتے اور افغانستان کی تباہی ہوتی لیکن اگر دیکھا جائے تو اس اعتبار سے افغان عوام اور ہماری خو ش قسمتی ہے کہ وہاں اس طرح کی تباہی نہیں ہوئی۔