ایران و مشرق وسطیٰ کے حالات سے ہندوستان کو دو دھکے: وائی وی ریڈی
حیدرآباد 19 نومبر (پی ٹی آئی) ریزرو بینک آف انڈیا کے سابق گورنر وائی وی ریڈی نے آج یہاں کہاکہ امریکہ، چین، ایران اور مشرق وسطیٰ میں رونما حالیہ تبدیلیوں کے دو دھکے لگنے کے خطرات ہیں۔ تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور سرمایہ کے بہاؤ میں کمی۔ ہندوستان ان دونوں خطرات کیلئے مخدوش ہے۔ انسٹی ٹیوٹ فار ایڈوانسڈ اسٹیڈیز اِن کامپلکس چوائسیس (آئی اے ایس سی سی) کے زیراہتمام ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وائی وی ریڈی نے کہاکہ اب ایک نئی دو قطبی دنیا اُبھری ہے جس میں ایک طرف امریکہ تو دوسری طرف چین ایک ایک بلاک کی قیادت کررہے ہیں حالانکہ یہ ایک حقیقت ہے ان کے مابین قریبی اقتصادی تعاون ہے۔ ایک مختصر وقت میں کم سے کم دو مالیاتی جوکھم ہیں جو مشرق وسطیٰ، ایران یا چین ۔ امریکہ سے لاحق ہوسکتے ہیں۔ جس کے اثرات دو زایوں تیل کی قیمتوں اور سرمایہ کے بہاؤ پر مرتب ہوسکتے ہیں اور اگر کوئی ملک ان دونوں خطرات کے لئے سب سے زیادہ مخدوش ہے تو وہ ہندوستان ہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ فی الحال تین اقتصادی چیالنجس ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی، جغرافیائی و آبادی تنوع و تغیرات اور ٹیکنالوجی عالمی چیالنجس ہیں جنھیں صرف تعاون اور تمام ممالک کی طرف سے ٹھوس اقدامات کے ذریعہ ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ بالخصوص ماحولیاتی تبدیلی ایک ایسا معاملہ ہے جس میں اجتماعی اقدام ناگزیر ہے لیکن یہ دشوار سے دشوار ترین بن رہا ہے۔