امریکہ اور چین کا روسی جارحیت پر تبادلہ خیال

,

   

واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے روسی جارحیت میں اضافے سے پیدا ہونے والے اقتصادی خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سرکاری بیان کے مطابق مسٹر بلنکن نے بدھ کے روز مسٹر وانگ کو بتایا کہ جنگ سے بچنے کا بہتر طریقہ سفارت کاری ہے ۔دونوں لیڈروں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ امریکی صدر جو بائیڈن کی ورچوئل میٹنگ کے بعد ایک ساتھ کام کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ان کا یہ تبصرہ اس وقت سامنے آیا ہے جب دیگر مغربی لیڈروں نے روس کو حملہ کرنے پر بڑی قیمت چکانے کی تنبیہ کی تھی۔بی بی سی کے مطابق روس نے سرحد پر فوجیں جمع کر دی ہیں۔ اس نے تقریباً ایک لاکھ فوجی سرحد پر تعینات کیے ہیں۔دریں اثنا، روس نے امریکہ اور ناٹو پر خطے میں کشیدگی بڑھانے کا الزام عائد کیا ہے اور اس بات کی تردید کی ہے کہ وہ یوکرین پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ۔