سان فرانسسکو26جولائی (یو این آئی)ایلون مسک کی اسپیس ایکس کے اسٹارلنک سیٹلائٹ نیٹ ورک نے اندرونی سافٹ ویئر کی خرابی کے باعث کام کرنا چھوڑ دیا جس کے باعث امریکہ اور یورپ میں کئی گھنٹے تک انٹرنیٹ کی فراہمی بند رہی۔ڈان میں شائع برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق انجینئرز کی جانب سے عالمی سطح پر سروس معطل ہونے کی وجوہات تلاش کیں، جس کے بعد اسٹار لنک کے سیٹلائٹ نیٹ ورک نے جمعہ کے روز دوبارہ کام کرنا شروع کر دیا، یہ طاقتور انٹرنیٹ سسٹم کے لیے نایاب خلل تھا۔ڈاؤن ڈیٹیکٹر نامی ایک کراؤڈ سورسڈ آؤٹیج ٹریکر نے بتایا کہ امریکہ اور یورپ میں صارفین کو جمعرات کو عالمی وقت کے مطابق تقریباً شام 7 بجے بندش کا سامنا کرنا پڑا، 61 ہزار سے زائد صارفین نے ویب سائٹ پر اس خرابی کی رپورٹ دی۔یوکرین میں جہاں فوجی میدان جنگ میں رابطوں کے لیے اسٹارلنک پر انحصار کرتے ہیں، یہ بندش جنگی کارروائیوں پر اثرانداز ہوئی۔یوکرین کی ڈرون فورسز کے کمانڈر رابرٹ بروودی نے کہا کہ پورے محاذ پر سروس بند تھی۔