نیویارک : امریکہ کے مشرقی علاقوں میں اتوار کے روز برفانی طوفان کے بعد شدید سردی کی لہر کے باعث لوگ گھروں میں محصور جب کہ ہزاروں لوگ بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ 1400 پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔امریکہ کی شمال مشرقی ریاستوں میں برفانی طوفان کے بعد شدید سردی کی لہر جاری ہے۔فلاڈیلفیا، نیویارک اور میساچیوسٹس میں شدید برفباری کے بعد درجہ حرارت نقط انجماد سے نیچے گر گیا۔ میساچیوسٹس کے قصبے شیرون میں 30 انچ تک برف پڑی۔میساچیوسٹس جہاں ایک لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں شدید سرد ہوائیں چلتی رہیں جس کی وجہ سے بجلی کی بحالی کے لیے کام کرنے والے کارکنان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ (اے پی) کے مطابق کسی دوسری امریکی ریاست میں بڑے پیمانے پر بجلی کے نظام میں خلل رپورٹ نہیں ہوا۔میساچیوسٹس کے علاقے کیپ کوڈ میں 134 کلومیٹر فی گھنٹہ کے حساب سے تیز ہوائیں رپورٹ کی گئی ہیں۔ تیز ہواؤں اور برف کی وجہ سے کئی گلیاں اور سڑکیں سفر کے قابل نہیں رہیں۔