امریکہ بچوں میں کینسر کے علاج کیلئے اے آئی کا استعمال کریگا

   

شکاگو، یکم اکتوبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بچوں میں کینسر پر تحقیقات سے متعلق ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کردیے ۔ روئٹرز کے مطابق امریکہ نے بچپن کے کینسر کی تحقیق کو آگے بڑھانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے ، وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کو فروغ دینا اور بچپن کے کینسر کے علاج کی تلاش کے لیے تحقیقاتی گرانٹس میں اضافی 5 کروڑ ڈالر فراہم کرنا ہے ۔ یہ حکم نامہ نیشنل کینسر انسٹیٹیوٹ کی ‘چائلڈ ہُڈ کینسر ڈیٹا انیشی ایٹو’ پر مبنی ہے ، جو ایک 10 سالہ، 50 کروڑ ڈالر کا منصوبہ ہے ، جس کا اعلان صدر ٹرمپ نے 2019 کی اسٹیٹ آف دی یونین تقریر میں کیا تھا۔ اس منصوبے کا مقصد بچپن کے کینسر سے متعلق ڈیٹا کو جمع کرنا اور اس کا تبادلہ ممکن بنانا ہے ۔ وائٹ ہاؤس کے سائنس و ٹیکنالوجی پالیسی کے دفتر کے ڈائریکٹر مائیکل کراتسیوس نے ایک بریفنگ میں کہا: ”بچوں میں کینسر اب بھی دائمی بیماریوں سے ہونے والی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے اور 1975 کے بعد سے اس کی شرح میں 40 فی صد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔” انھوں نے مزید کہا کہ 2019 کے اقدام کے تحت جو ڈیٹا جمع کیا گیا ہے ، اس سے اب محققین اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے کلینیکل ٹرائلز کو بہتر بناسکتے ہیں، تشخیص کو مزید درست کرسکتے ہیں، علاج کو مؤثر بناسکتے ہیں، علاج دریافت کرسکتے ہیں اور بچاؤ کی حکمت عملیوں کو مضبوط کر سکتے ہیں۔