امریکہ بھر میں دوبارہ ہنگاموں کا اندیشہ

   

واشنگٹن:امریکہ کے سیکیورٹی حکام نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ صدارتی انتخابات کے نتائج پر لوگوں میں بدستور غصہ موجود ہے جس کی وجہ سے آئندہ چند ہفتوں یا مہینوں میں ملک بھر میں ہنگامے ہو سکتے ہیں۔ہوم لینڈ سیکیورٹی یعنی اندرونی سلامتی کے ادارے نے کل ‘نیشنل ٹیررازم ایڈوائزری سسٹم بلیٹن’ جاری کیا ہے جس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ سخت خطرے والا ماحول اپریل کے آخر تک جاری رہ سکتا ہے۔ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ادارے نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ حالیہ دنوں میں پرتشدد مظاہرے جاری رہے اور تشویش ہے کہ کچھ لوگ جو حکومت کے اختیارات کے استعمال اور اقتدار کی منتقلی سے ناخوش ہیں، وہ دوبارہ متحرک ہو سکتے ہیں۔یاد رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی شکست پر ان کے حامیوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ سبکدوش ہونے والے صدر انتخابات میں مسلسل دھاندلی کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔چھ جنوری کو سابق صدر ٹرمپ کے حامیوں نے کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل پر اْس وقت چڑھائی کی تھی جب وہاں جو بائیڈن کی انتخابات میں کامیابی کی توثیق کا عمل جاری تھا۔ہوم لینڈ سیکیورٹی کی جانب سے جاری کردہ انتباہی بلیٹن میں خبردار کیا گیا ہے کہ کیپٹل ہل پر حملے سے شاید مقامی شدت پسندوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہو اور اس کے پیشِ نظر منتخب نمائندوں اور سرکاری مقامات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔حکام نے بتایا ہے کہ ممکنہ پرتشدد واقعات سے متعلق انتباہ جاری کرنے کا فیصلہ ملکی انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا۔