امریکہ بھی ’جمہوری انحطاط‘ والے ممالک میں شامل

   

نیویارک : امریکہ جیسی مستحکم جمہوریت اور بعض یورپی ممالک میں ایک عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شہری آزادیوں میں انحطاط آرہا ہے۔ چین میں مطلق العنانی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ جمہوریت کو سب سے زیادہ نقصان ہندوستان اور برازیل میں پہنچا ہے۔ سویڈن کے تھنک ٹینک ’انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ڈیموکریسی اینڈ الیکٹورل اسسٹنس (انٹرنیشنل آئیڈیا)‘نے دنیا میں جمہوریتوں کی صورتحال کے حوالے سے پیر کے روز اپنی تازہ ترین رپورٹ شائع کی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشہ دہائی کے دوران دنیا کی متعدد جمہوریتوں میں انحطاط پذیری کی رفتار دوگنا ہوگئی ہے۔ اور اب یہ صورتحال دنیا کے ایک چوتھائی ملکوں میں پائی جاتی ہے۔ان میں امریکہ جیسی مستحکم جمہوریت اور ہنگری، پولینڈ اور سلووینیا جیسے یورپی یونین کے ممالک بھی شامل ہیں۔انٹرنیشنل آئیڈیا کی اس سالانہ رپورٹ کے مطابق امریکہ اور کئی یورپی ممالک میں شہری آزادیوں اور دیگر آزادیوں کو مسلسل انحطاط کا سامنا ہے جبکہ آمرانہ حکومتیں پہلے کے مقابلے کہیں زیادہ جابرانہ رویے اختیار کررہی ہیں۔