امریکہ سے آئی ٹی پروفیشنل کی نعش،حیدرآباد لانے کیلئے آن لائن ایک لاکھ ڈالر عطیہ جمع کیا گیا

,

   

حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی آئی ٹی پروفیشنل چریتا ریڈی کی 27 دسمبر کو مشیگن امریکہ میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں موت واقع ہوگئی ۔ چریتا ریڈی کے ارکان خاندان نے نعش کی حیدرآباد منتقلی اور خاندان کی مدد کے لیے 50 ہزار امریکی ڈالر ڈونیشن کے لیے آن لائن اپیل کی ہے ۔ چریتا کی نعش واپس لانے کے لیے ارکان خاندان امریکہ روانہ ہوچکے ہیں ۔ اس کے والدین نریڈمیٹ ، سکندرآباد کے ساکن ہیں ۔ اپیل کا بڑے پیمانے پر اثر ہوا اور اندرون دو دن 1,07,779 امریکی ڈالر ( تقریبا 77 لاکھ روپئے ) جمع ہوگئے جو 3,400 افراد کے بطور عطیہ دئیے تھے ۔ چریتا ریڈی کے رشتہ دار جینتی ریڈی نے عطیہ دہندگان کی فراخدلی کی ستائش کی جس نے GoFundMe پیج پر آن لائن ڈونیشن کو آرگنائز کیا تھا ۔ اس نے اب عطیہ کی وصولی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس پیج پر جینتی نے حادثہ کی تمام تفصیلات بھی پیش کی ہیں ۔ چریتا ریڈی گذشتہ چار برسوں سے امریکہ میں مقیم تھیں اور ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں کام کررہی تھی ۔ حادثہ 27 دسمبر کو اس وقت پیش آیا جب حالت نشہ میں ایک شخص نے چریتا کی پارک کی ہوئی کار کو ٹکر دے دی ۔۔