نئی دہلی۔ ایک اور طیارہ جس میں ایک ہزار آکسیجن سلنڈر ، ریگولیٹرز اور دیگر طبی سامان ہیں ، امریکہ سے نئی دہلی پہنچ گیاہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم نے ٹوئٹ کیاہے کہ امریکی مددجاری ہے۔ایک اور طیارہ ایک ہزار آکسیجن سلنڈر، ریگولیٹرزاوردیگر طبی سامان لے کر ہندوستان پہنچا ہے۔ یہ دو دن کے عرصہ میں ہندوستان آنے والا تیسرا طیارہ ہے۔ اس سے ہماری آکسیجن کی گنجائش میں اضافہ ہوگا۔ ہم اس مددپرامریکہ کے مشکور ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن اس سے پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ امریکہ کورونا کی وبا سے نمٹنے میں ہندوستان کی مددکے لیے پرعزم ہے۔ امریکہ ، ہندوستان کی مددکے لیے آکسیجن سلنڈر ، این 95 ماسک ، تیز تشخیصی کٹ اور دیگر طبی سامان بھیج رہا ہے۔ امریکہ نے ہندوستان کو ایسٹرا زینیکا ویکسین بھی پیش کرنے کی پیش کش کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ، ہندوستان میں کورونا کی وجہ سے خراب ہونے والی صورتحال کے پیش نظرامریکہ نے مزید تین طیاروں سے طبی سامان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔