امریکہ سے نئے مذاکرات سے قبل سعودی وزیر دفاع کی ایران آمد

,

   

صدر ایران مسعود یزشکیان بھی سعودیہ سے اسلامی دنیا کے مفاد کے فروغ کیلئے تعلقات وسیع کرنے کے خواہاں

تہران : سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای سمیت اعلیٰ حکام سے بات چیت کی ہے۔ تہران کے نیوکلیر پروگرام سے متعلق ایرانی امریکی بات چیت کے نئے دور سے قبل اس دورہ کو بہت اہم قرار دیا گیا۔ ایران کے نیوکلیر پروگرام پر واشنگٹن اور تہران کے درمیان ہونے والے دوسرے دور کے مذاکرات سے قبل سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے جمعرات کے روز کئی سرکردہ ایرانی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ سعودی وزیر دفاع کا یہ دورہ خطہ میں ممکنہ تنازعے کے بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان ہوا ہے، کیونکہ صدر ٹرمپ نے دھمکی دے رکھی ہے کہ اگر سفارتی کوششیں امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے نیوکلیر تناؤ کو ختم کرنے میں ناکام رہیں، تو پھر ایران کی نیوکلیر تنصیبات پر بمباری کی جائے گی۔ ایران کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل محمد باقری نے سعودی وزیر کو ان کی آمد پر خوش آمدید کہا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد ایک تربیت یافتہ جنگی پائلٹ ہیں اور 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد سے اب تک ایران کا دورہ کرنے والے پہلے سعودی وزیر دفاع ہیں۔ کئی دہائیوں بعد سعودی شاہی خاندان کے اعلیٰ ترین ارکان میں سے کسی فرد کا یہ ایران کا پہلا دورہ ہے۔ اس سے قبل شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے 1997 میں تہران میں منعقدہ اسلامی تعاون کی تنظیم کے اجلاس کے لیے سعودی ولی عہد کی حیثیت سے تہران کا دورہ کیا تھا۔ دریں اثناء ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات وسیع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے سعودی وزیرِ دفاع خالد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ دوستی اسلامی دنیا کے مفاد کے فروغ میں معاون و مدد گار ثابت ہو گی۔ ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب مل کر خطہ میں بہت سے مسائل حل کر سکتے ہیں اور دونوں علاقائی تعاون میں ایک نمونہ بن سکتے ہیں۔ سعودی وزیرِ دفاع خالد بن سلمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس ملاقات کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ قیادت کی ہدایت پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سے ملا قات کی، جس میں قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔