امریکہ سے ہر معاملہ پر اتفاق ضروری نہیں: انوارالحق کاکڑ

   

اسلام آباد:پاکستان کے نگر ان وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ضروری نہیں امریکہ کے ساتھ ہر معاملہ پر اتفاق ہو، پاکستان کے امریکہ کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلقات ہیں جبکہ ہم دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی شراکت داری چاہتے ہیں۔ اسلام آباد میں ہارورڈ یونیورسٹی کے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ملکوں کے درمیان امور پر اتفاق اور اختلاف رہتا ہے، اسی لئے یہ ضروری نہیں کہ امریکہ کے ہر معاملہ پر اتفاق ہو، البتہ امریکہ کے ساتھ مل کر پاکستان نے طویل جنگ لڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلقات ہیں جبکہ ہم دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی شراکت داری چاہتے ہیں۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ امریکی معاشرہ ایک متنوع حیثیت کا حامل ہے، گزشتہ 200 برسوں میں اس نے زبردست ترقی کی، باقی ملکوں کے لئے امریکی ترقی سے سیکھنے کے مواقع ہیں۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے مل کر عالمی امن کے لئے بہت اہم کردار ادا کیا ہے، ایک بڑی سپر پاور روس اور امریکہ کی قیادت میں مغربی ممالک کا بڑا اتحاد ہمارے پڑوس میں موجود رہا، جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے عالمی طاقتوں کی ہمارے پڑوس میں موجودگی کا ہم پر گہرا اثر ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کو ایک دشمن کے طور پر کیوں پیش کیا جاتا ہے؟ البتہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہمارے وسائل اور اخراجات میں توازن نہ ہونا ہے۔