امریکہ : شٹ ڈاؤن سے حکام ایئرپورٹ کی فضائی نگرانی سے قاصر

   

واشنگٹن۔ 7 اکتوببر (ایجنسیز) امریکہ میں جاری جزوی حکومتی شٹ ڈاؤن کے باعث کیلیفورنیا کے ہالی ووڈ بر بینک ایئرپورٹ کی روزمرہ کارروائیاں متاثر ہو گئی ہیں۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق، فضائی ٹریفک کنٹرول کے اہلکار کئی گھنٹوں کیلئے اپنی ذمہ داریاں انجام نہیں دے سکے، کیونکہ حکومتی شٹ ڈاؤن نے وفاقی فنڈز کی فراہمی معطل کر دی ہے جو اہم اداروں کے آپریشن کیلئے ضروری تھے۔ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق، ایئرپورٹ دن کے مخصوص اوقات میں بغیر فضائی نگرانی کے کام کرے گا۔ اس دوران پائلٹوں کو پرواز اور لینڈنگ کے وقت خود ہی باہمی رابطے کے ذریعہ رابطہ کرنا ہوگا، جو کہ اس پیمانے کے ایک تجارتی ایئرپورٹ کیلئے غیر معمولی اقدام ہے۔یہ صورت حال واشنگٹن میں جاری سیاسی بحران کے باعث پیدا ہوئی ہے، جہاں کانگریس نیا فنڈنگ بل منظور کرنے میں ناکام رہی۔ اس کے نتیجے میں وفاقی اداروں کے ہزاروں ملازمین، بشمول فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کے اہلکار، تنخواہوں سے محروم ہیں۔فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے اپنے بیان میں کہا کہ مسافروں کی سلامتی بدستور ترجیح رہے گی۔ ادارے نے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں عملہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ممکنہ اثرات کم کیے جا سکیں، تاہم اس نے تسلیم کیا کہ بحران طویل ہونے کی صورت میں پروازوں کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ‘‘واشنگٹن کی غیر ذمہ دارانہ سیاست عوام کی جانوں کو خطرہ میں ڈال رہی ہے اور معیشت کے اہم شعبوں کو مفلوج کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاست وفاقی حکام سے رابطہ میں ہے تاکہ مقامی ایئرپورٹس کیلئے ہنگامی مدد فراہم کی جا سکے اور پروازوں کی حفاظت برقرار رہے۔