واشنگٹن، 26مارچ (یو این آئی) امریکہ نے شہریوں کو ممنوع سستا پٹرول استعمال کرنے کی اجازت دے دی، آبنائے ہرمز سے ترسیل نہ رکنے کے باوجود ٹرمپ انتظامیہ امریکیوں کو ریلیف دینے پر مجبور ہو گئی ہے ۔ امریکی ماحولیاتی تحفظ ایجنسی نے ملک میں ایندھن کی فراہمی کو مستحکم بنانے اور عوام کو پٹرول کی قیمتوں میں ریلیف دینے کیلئے ایک ہنگامی اقدام کے تحت ای15 پٹرول کی ملک بھر میں فروخت کی اجازت دے دی ہے ۔ ای پی اے کے ایڈمنسٹریٹر لی زیلڈن نے امریکی محکمہ توانائی سے مشاورت اور کلین ایئر ایکٹ کے تحت ایک عارضی ایمرجنسی فیول ویور (چھوٹ) جاری کیا، جس کے ذریعے 15فیصد ایتھنول ملا ہوا پٹرول (ای15) پورے ملک میں فروخت کیا جا سکے گا۔ اس اقدام کے ساتھ ساتھ 10 فی صد ایتھنول والے پٹرول (E10) کی فروخت میں حائل تمام وفاقی رکاوٹیں بھی ختم کردی گئی ہیں، تاکہ ایندھن کی دستیابی میں اضافہ ہوسکے ۔ ای پی اے کے مطابق یہ فیصلہ گرمیوں کے ڈرائیونگ سیزن سے قبل کیا گیا ہے تاکہ ملک میں پٹرول کی سپلائی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو اور صارفین کو زیادہ آپشنز فراہم کیے جا سکیں۔ ای پی اے کے مطابق اس ایمرجنسی چھوٹ سے گرمیوں میں پٹرول کی مخصوص کم بخارات والی شرائط اور بلینڈنگ سے متعلق عائد پابندیاں عارضی طور پر ختم ہو جائیں گی، جس سے مارکیٹ میں زیادہ لچک پیدا ہوگی اور مختلف اقسام کے ایندھن دستیاب ہوں گے ۔ تاہم ادارے نے واضح کیا کہ اس اقدام سے ماحولیاتی تحفظ کے موجودہ معیار متاثر نہیں ہوں گے ۔ اس وقت ای15 پٹرول امریکہ بھر میں 3 ہزار سے زائد پٹرول پمپس پر دستیاب ہے اور اسے نسبتاً سستا ایندھن سمجھا جاتا ہے ۔ ای ففٹین عام پٹرول کے مقابلے میں 10 سینٹ فی گیلن سستا ہے ۔ امریکہ میں عموماً گرمیوں کے مہینوں (یکم جون سے 15 ستمبر) کے دوران ای ففٹین کی فروخت اور استعمال محدود یا ممنوع ہوتا ہے ، کیونکہ اس میں ایتھنول کی زیادہ مقدار ہونے کی وجہ سے اس کے بخارات بڑھ سکتے ہیں، جو فضائی آلودگی (اسموگ) میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ یہ چھوٹ یکم مئی 2026 سے نافذ العمل ہوگی، جب کہ اس کا ابتدائی دورانیہ 20 مئی 2026 تک ہوگا، تاہم اگر ضرورت پڑی تو اسے مزید بڑھایا جا سکتا ہے ۔ واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں پھر اتار چڑھاؤ آیا ہے ، امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کروڈ ایک ڈالر اضافے سے 91.2 ڈالر فی بیرل ہو گیا، عالمی ینچ مارک برینٹ کروڈ 1.29 ڈالر کمی کے بعد 103.2 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آبنائے ہرمز کی بندش کے نتائج پر انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے کی بندش تیل، گیس اور کھاد کی ترسیل کو شدید متاثر کر رہی ہے ، پودے لگانے کے موسم میں کھاد کی نقل و حرکت روک رہی ہے ، مسائل کو کم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ فوری جنگ کو ختم کیا جائے ۔