امریکہ: صدارتی انتخاب کے دوران کورونا کیسوں میں ریکارڈ اضافہ

   

واشنگٹن: امریکہ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ یومیہ اوسطاً 86 ہزار کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جو اس بات کی جھلک ہے کہ صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے والے کو کس شدت اختیار کرنے والے بحران کا سامنا ہوگا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے پی’ کے مطابق جیسے جیسے سردیوں میں اضافہ ہو رہا ہے کیسز اور ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران امریکہ میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے کیسز میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔علاوہ ازیں امریکہ میں اموات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور یومیہ اوسطاً 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 90 لاکھ تک پہنچ چکی ہے جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور امریکہ کی ہر ریاست میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔