امریکہ طالبان سمجھوتے میں پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا: شاہ محمود قریشی

   

Ferty9 Clinic

اسلام آباد ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان مفاہمتی عمل میں اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے، پاکستان نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، جس کے اعتراف میں پاکستان کو مداخلت کار کی بجائے سہولت کار تسلیم کیا جا رہا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جمعرات کو قطر کے ایک روزہ سرکاری دورے پر جا رہے ہیں، جہاں وہ امیر قطر کے ساتھ افغان مفاہمت کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔شاہ محمود نے واضح کیا کہ وزیراعظم 29 فروری کو افغان مفاہمت کے حوالے سے ہونے والے معاہدے کی تقریب میں شریک نہیں ہوں گے، البتہ وہ بطور وزیر خارجہ اس موقع پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔امریکہ اور طالبان کے درمیان معاہدے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’آپ وہاں کیوں نہ ہوں، کیونکہ آپ کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔ آپ اس لیے وہاں ہو کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ آپ ثالث تھے اور آپ کی ثالثی کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔ یہ ایک بڑی تبدیلی ہے جس کو ہمیں تسلیم کرنا چاہیے‘‘۔خیال رہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان 29 فروری کو دوحہ میں امن معاہدے پر دستخط ہونے والے ہیں جس کے لئے قطر نے پاکستان کو شرکت کی دعوت دے رکھی ہے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دوٹوک فیصلہ کیا تھا کہ افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی اور اسی بنا پر صدارتی انتخابات میں ہمارا کوئی پسندیدہ امیدوار نہیں تھا۔افغان صدارتی انتخابات کے نتائج پر شاہ محمود کا کہنا تھا کہ یہ افغانستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ تاہم، ہماری خواہش ہے کہ اس اندرونی معاملے کے باعث امن کے سفر میں تعطل پیدا نہ ہو، جو بہت محنت کے ساتھ طے کیا گیا ہے۔