واشنگٹن، 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے عراق میں تعینات فوجیوں کی تعداد کو کم کرنے کے منصوبے کی تصدیق کی ہے ، جس کے تحت آئندہ چند مہینے تک وہ عراق میں اپنی فوجی موجودگی کو کم کرتا رہے گا۔ امریکہ اور عراق کی حکومتوں نے ایک مشترکہ بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی ہے ۔جمعرات کے روز امریکہ-عراق اسٹریٹجک مذاکرات کے بعد جاری ایک بیان کے مطابق دونوں ممالک عراق میں آئندہ برقرار رہنے والی فوج پر بھی تبادلہ خیال کریں گے ۔ جمعرات کے روز دیر رات امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق دونوں ممالک کے مابین سکیورٹی شراکت کے تحت یہ پتہ چلا کہ داعش کا خاتمہ کرنے میں اہم کامیابی ملی ہے ۔ اگلے چند مہینوں کے دوران امریکہ عراق میں تعینات اپنے فوجیوں کی تعداد کو کم کرے گا۔ امریکہ نے یہ فیصلہ حکومت عراق کے ساتھ موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کے بعد کیا ہے ۔ دونوں ممالک مشترکہ مفادات کی بنیاد پر مضبوط دوطرفہ سکیورٹی تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں۔اس بات چیت میں حصہ لینے والے امریکی نائب وزیر خارجہ برائے مشرقی امور ڈیوڈ اشچنکر نے میڈیا کو بتایا کہ عراق میں فوجی موجودگی کو کم کرنے پر غور کیا جارہا ہے ، لیکن فی الحال اس کی کوئی حتمی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے ۔امریکہ نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ اسے عراق میں مستقل طور پر اپنی فوج تعینات کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اس لیے اسے مستقل فوجی اڈوں کی ضرورت نہیں ہے ۔ عراقی حکومت بین الاقوامی اتحاد کے فوجی جوانوں اور اپنی فوج کے مفادات کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے ۔