لندن: 9 جولائی (یو این آئی)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جنگ نے سفارت کاری کو سبوتاژ کردیا ، امریکہ سفارت کاری دوبارہ شروع کر سکتا ہے ۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے برطانوی جریدے میں ایک مضمون میں کہا کہ مذاکرات کے دوران اسرائیلی حملے نے ثابت کر دیا کہ اسرائیل کو امن سے زیادہ تصادم پسند ہے ، امریکہ نے بھی ایران پر حملوں سے بین الاقوامی قانون اور این پی ٹی کی خلاف ورزی کی۔عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کو امریکہ کی جانب سے دوبارہ مذاکرات کے پیغامات ملے ہیں ، لیکن ہم اب امریکہ پر کیسے اعتماد کریں؟ ایران سفارت کاری میں اب بھی دلچسپی رکھتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ واقعی مسئلے کا پُرامن حل چاہتا ہے تو برابری کی سطح پر معاہدہ کو ممکن بنائے ۔منگل کو ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی کی مکہ مکرمہ میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات ہوئی جس میں خطے کی صورتِ حال اور باہمی تعلقات پر گفتگو کی گئی۔
ایئرپورٹس پر جوتے اتارکر سکیورٹی اسکریننگ سے گزرنے کی پالیسی ختم
واشنگٹن: 9 جولائی (یو این آئی) ٹرمپ انتظامیہ نے ائیرپورٹ پر جوتے اتارکر سکیورٹی اسکریننگ سے گزرنے کی پالیسی ختم کردی۔امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کرسٹی نوئم نے تصدیق کی کہ اب ائیر پورٹس پر چیک پوائنٹس سے گزرتے ہوئے مسافر جوتے پہنے رہ سکیں گے ۔کرسٹی نوئم نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی جدت کی مدد سے ہوائی اڈوں پر نظام بہتر بنالیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ اس پالیسی کا اطلاق فرانس سے امریکہ آنے والے نو مسلم شو بمبار کی جانب سے اپنے جوتوں میں موجود دھماکہ خیز مواد دوران پرواز تباہ کرنے کی کوشش کے بعد کیا گیا تھا۔