واشنگٹن،18جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ‘کہیں بھی’اور ‘کسی بھی وقت’دشمنوں کی میزائل کو تباہ کرنے کے مقصد سے ملک کے میزائل دفاعی نظام کی تعیناتی کو مزید بہتر اور طویل مدتی بنایا جائے گا۔مسٹر ٹرمپ نے جمعرات کو پینٹگان میں میزائل دفاعی نظام کے جائزے کے دوران یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ زمین اور سمندر میں تعینات میزائل شکن دفاعی نظام کو مزید مضبوط اور طویل مدتی بناکر تعینات کرنے کے لئے بہترین تکنیک کا سہارا لیا جائے گا۔امریکی صدر نے کہا کہ ،‘‘اس کے تحت روس اور چین جیسی ہائیپرسونک اور نئی کروز میزائلوں کی شناخت کے لئے زمین کی نچلی سطح میں سیٹلائٹ سینسر لگائے جائیں گے ۔دشمنوں کی میزائلوں کو کہیں بھی اور کسی بھی مقام پر تباہ کرنے کے پیش نظر اس نظام کو اور مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔نگراں دفاعی سکریٹری شان ہان نے جائزہ میٹنگ کے بعد ایک بیان جاری کرکے کہا کہ اس سے پہلے 2010 میں بارک اوباما انتظامیہ کے دوران اس طرح کا تجزیہ کیاگیا تھا۔میزائل دفاعی تجزیہ(ایم ڈی آر)209کا ذکرکرتے ہوئے ایک امریکی افسر نے چہارشنبہ کو کہا تھا کہ ایران جیسے ‘مکار ’ملکوں سے خطرے کے خدشے کے پیش نظر یورپ میں میزائل دفاعی نظام تعینات کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا،‘‘یورپ میں تعینات ہمارے میزائل دفاعی نظام کا بنیادی مقصد ایران جیسے ‘مکار’اور‘ دھوکے باز’ملکوں کے خطرے سے نمٹنا ہے ۔’’امریکہ دفاعی نظام کی تعیناتی کے سلسلے میں روس اور چین سمیت سبھی ملکوں کے تئیں شفاف رہا ہے ،اس بار ایم ڈی آر میں نئی حکمت عملی کو شامل کیا جائے گا جس سے ملک کے میزائل دفاعی نظام کی صلاحیت کو اور زیادہ مضبوط کیا جاسکے ۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ،نائب صدر مائک پینس ،قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن،نگراں دفاعی سکریٹری پیٹرک شان ہان اور فوج کے دیگر سینئر افسران نے جمعرات کو پینٹگان(وزارت دفاع)میں میزائل دفاعی نظام 2019کا تجزیہ کیا اور اس دوران اہم فیصلے کئے گئے ۔