ٹیک آف کے وقت طیارے کے لینڈنگ گیئر میں آگ لگ گئی‘فوری قابو پالیا گیا
واشنگٹن ۔27؍جولائی ( ایجنسیز )امریکہ میں ایک بڑا طیارہ حادثہ کا شکار ہوتے بچ گیا اور ایک بڑاحادثہ ٹل گیا ہے۔ امریکن ایئر لائنس کے طیارہ اے اے-3023 میں ہفتہ کو ڈینور بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ٹیک آف کرتے وقت لینڈنگ گیئر میں آگ لگ گئی اور وہاں سے دھواں نکلنے لگا۔ اس کے بعد فوراً طیارہ میں سوار سبھی 173 مسافروں اور عملے کے 6 لوگوں کو محفوظ باہر نکالا گیا۔ڈینور فائر ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بوئنگ 737 میکس طیارہ ڈینور سے میامی کے لیے رنوے 34-ایل سے اڑان بھر رہا تھا۔ ڈینور فائر ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ ان کی ٹیم کے ذریعہ طیارے میں لگی آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔افسروں کے مطابق یہ مسئلہ طیارے کے ٹائر میں آیا جس کی وجہ سے جہاز کو رنوے پر ہی روکنا پڑا۔ ڈینور ایئر پورٹ نے تصدیق کی ہے کہ سبھی مسافر اور عملہ پوری طرح محفوظ ہیں۔ حالانکہ جائے وقوع پر پانچ لوگوں کی صحت کا جائزہ لیا گیا لیکن انہیں ہاسپٹل لیجانے کی ضرورت نہیں پڑی۔ گیٹ پر ایک شخص کو معمولی چوٹ لگنے کی وجہ سے میڈیکل کیلئے ہاسپٹل لے جایا گیا ہے۔’فلائٹ اویئر‘ کے مطابق فلائٹ دوپہر 1.12 بجے گیٹ سی 34 سے روانہ ہونے والی تھی لیکن دوپہر 2.45 بجے ٹیک آف کے دوران ممکنہ لینڈنگ گیئر میں خرابی آنے کی اطلاع ملی۔ مسافروں کو بسوں کے ذریعہ ٹرمینل تک پہنچایا گیا۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے اس واقعہ کی جانچ شروع کر دی ہے۔ اس واقعہ کا ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں رنوے کے درمیان کھڑے طیارے کے ٹائر میں آگ لگی ہوئی دکھائی دے رہی ہے اور گھنے دھوئیں کے غبار کے درمیان مسافر طیارے سے تیزی سے باہر آتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔