نیویارک : یکم جون ( ایجنسیز ) امریکہ میں کروڑوں شہد کی مکھیوں کو چھتوں سمیت لے جانے والا تجارتی ٹریلر الٹ گیا جس کے باعث کروڑوں کی تعداد میں مکھیاں آزاد ہو گئیں اور علاقے میں بھنبھناہٹ سنائی دے رہی ہے۔ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق واقعہ واشنگٹن ریاست کے علاقے بیلنگہم میں صبح 4بجے کے قریب پیش آیا جو کہ کینیڈا کی سرحد کے قریب واقع ہے۔واقعہ کے بعد شیرف آفس کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعے بتایا گیا کہ ٹرک میں تقریباً 25 کروڑ مکھیاں اور 70 ہزار پونڈ (تقریباً 32 ہزار کلوگرام) کے چھتے موجود تھے۔ایمرجنسی مینیجمنٹ کے ترجمان ایمی کلاؤڈ کا کہنا ہے کہ واقعہ کی وجہ یہ دکھائی دیتی ہے کہ ایک جگہ موڑ مڑتے وقت ڈرائیور رفتار تیز ہونے کی وجہ سے گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور الٹ گیا۔ان کا کہنا تھا کہ حادثہ میں ڈرائیور محفوظ رہا۔