امریکہ میں ’آفس آف اسپیشل کونسل‘ سربراہ کی بحالی

   

واشنگٹن: امریکہ میں ایک خاتون جج نے پیر کے روز جاری فیصلے کے ذریعے وفاقی ایجنسی “آفس آف اسپیشل کونسل” (OSC) کے سربراہ ہیمپٹن ڈیلنگر کو عارضی طور پر ان کے عہدے پر بحال کر دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ڈیلنگر کو برطرف کر دیا تھا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق ڈیلنگر کو ان کی برطرفی کے حوالے سے قانونی جنگ جاری رہنے تک بحال کیا گیا ہے۔آفس آف اسپیشل کونسل (OSC) ایک آزاد وفاقی تفتیشی اور استغاثہ ایجنسی ہے جو وفاقی ملازمین کو غیر قانونی اقدامات سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔خاتون جج کے مطابق ڈیلنگر نے اپنی برطرفی کے خلاف پٹیشن دائر کی تھی۔ جج کا کہنا ہے کہ ڈیلنگر کو آئندہ جمرات کی نصف شب تک خصوصی مشیر کے عہدے پر کام جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔ جج کا مزید کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ ڈیلنگر کو ان کے دفتر کی اشیاء اور لوازمات تک رسائی سے نہیں روک سکتی یا بطور خصوصی مشیر کسی بھی اور شخص کے اختیار کو تسلیم نہیں کر سکتی۔یاد رہے کہ 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے کے بعد سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ مختلف وفاقی ایجنسیوں میں کام کرنے والے متعدد افراد کو برطرف کر چکی ہے۔ ان اداروں میں وزارت انصاف بھی شامل ہے۔