ریاست کینٹکی میں ایمرجنسی نافذ، امدادی کام جاری
واشنگٹن : الینوائے کے گورنر جے رابرٹ پرٹزکر نے کہا ہے کہ طوفان کی وجہ سے الینوائے کے شہر ایڈورڈز وِل میںامیزون کے گودام کے گرنے سے مرنے والوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے ۔گورنر پرٹزکر نے ہفتہ کے روز صحافیوں کو بتایا کہ مجھے یہ اطلاع دیتے ہوئے بہت دکھ ہورہا ہے کہ اس حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے ۔ ایک زخمی ملازم زیر علاج ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے ۔قابل ذکر ہے کہ جمعہ کو یہاں طوفان کی وجہ سے آمیزون کے گودام کا ایک حصہ گر گیا تھا، جس میں کئی لوگ پھنس گئے تھے ۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تاہم اب تک کم از کم 45 افراد کو بچا لیا گیا ہے ۔امریکی صدر جو بائیڈن نے ہفتہ کے روز دیر گئے کہا کہ اس ہفتے ہونے والا یہ ہولناک طوفان تاریخ کے سب سے بڑے طوفانوں میں سے ایک ہے ۔یاد رہے کہ امریکہ کی 6 ریاستوں میں طوفانی بگولوں نے تاریخ کی بد ترین تباہی مچائی ہے جن کی وجہ سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں کم از کم 100 سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔صرف ریاست کینٹکی ہی میں 70 اموات واقع ہوئی ہیں، ریاست میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔کینٹکی کے گورنر نے ریاست میں 100 سے زائد اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے ، کئی ریاستوں میں 5 لاکھ سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہے ۔