امریکہ میں آٹھ افراد کے مشتبہ قاتل کی خودکشی

   

شکاگو: شکاگو میں آٹھ افراد کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد مشتبہ قاتل نے پولیس کے ساتھ تصادم کے بعد خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کر لیا۔یہ واقعہ پیر کو دیر رات پیش آیا۔ ٹیکساس کی پولیس نے بتایا کہ رومیو نینس نامی مشتبہ قاتل نے سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تصادم کے بعد خود کو گولی مار کر ہلاک کرلیا۔اس سے قبل پولیس نے کہا تھا کہ انہیں قتل کے محرکات کے متعلق کوئی علم نہیں ہے لیکن نینس مقتولین سے واقف تھا۔جولیٹ کے پولیس سربراہ ولیم ایوانس نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ “میں پچھلے 29 سالوں سے پولیس میں خدمات انجام دے رہا ہوں اور یہ غالباً میری زندگی کا اب تک کا بدترین جرم ہے، جو میں نے دیکھا ہے۔”قبل ازیں پولیس نے کہا تھا کہ مقتولین کی نعشیں اتوار اور پیر کے روز تین مختلف مقامات پر پائی گئیں۔ انہیں گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ اس سے کئی گھنٹے قبل پولیس نے سوشل میڈیا پر ایک وارننگ جاری کرتے ہوئے نینس کو” مسلح اور خطرناک “قرار دیا تھا۔ایک اور اعلیٰ پولیس افسر ڈان جنگلز نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ایک شخص کی نعش اتوار کے روز ول کاونٹی میں ایک گھر میں ملی جبکہ سات دیگر نعشیں جولیٹ میں دو مکانات سے برآمد ہوئیں۔پولیس نے کہا کہ ایک شخص زخمی حالت میں بھی ملا ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہ بھی نینس کی گولیوں کا نشانہ بنا ہے۔ پولیس نے تاہم کہا کہ فی الحال اس کے ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں۔