وائٹ ہاؤس کے قریب مظاہرین کو روکنے کیلئے لگائے کنکریٹ بیریئر ہٹا دیئے گئے
واشنگٹن ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں پولیس تحویل کے دوران ایک سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد سے پولیس اصلاحات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ مظاہرین کی جانب سے کیے جانے والے مطالبات کے پیشِ نظر صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حکومت بھی محکمہ پولیس میں اصلاحات کے مسودے پر کام کر رہی ہے۔وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ پولیس کے محکمے میں اصلاحات کے مسودے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ البتہ وائٹ ہاؤس نے پولیس کو حاصل استثنیٰ کم کرنے یا محدود کرنے کے امکان کو مسترد کیا ہے۔چہارشنبہ کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے پریس سیکریٹری کیلی میکنینی نے کہا کہ مظاہرین کے پولیس سے متعلق خدشات کے حل کے لیے حکومت نے اپنا مسودہ تیار کر لیا ہے جو آخری مراحل میں ہے۔ پریس سیکریٹری نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ 10 روز بڑی خاموشی اور عرق ریزی سے پولیس اصلاحات کے مسودے پر کام کرنے میں گزارے ہیں۔ تاکہ ان مسائل کو حل کیا جا سکے ۔دریں اثناء وائٹ ہاؤس کے جنوبی حصے پر مظاہرین کو روکنے کے لیے لگائے گئے کنکریٹ بیریئر ہٹا دیئے گئے۔ امریکہ میں سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام شہری کے قتل کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی بڑھائی گئی سیکیورٹی میں کمی کردی گئی ہے جنوبی حصے پر لگائے گئے اضافی بیریئرز ہٹا دئیے گئے۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیلی مک این اینی نے بتایا کہ امریکہ میں پولیس اصلاحات آخری مراحل میں ہیں اور انہیں جلد عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔