واشنگٹن : /24 اکٹوبر (ایجنسیز) امریکہ میں اذان کے معاملہ میں گرما گرم مباحثہ چھڑگیا ہے جس میں مقننہ کے ایک گوشہ نے مذہبی آزادی اور ثقافتی شناخت کے تعلق سے سوالات اٹھائے ہیں ۔ برطانوی نژاد امریکی جرنلسٹ مہدی حسن اور کانگریس (مقننہ) کے رکن برینڈن گل کے درمیان لفظی جھڑپ سوشل میڈیاپر بڑے طوفان کی شکل اختیار کرگئی ہے ۔ تنازعہ تب شروع ہوا جب مہدی حسن نے امریکہ میں اذان کی اجازت دینے کیلئے کھل کر اظہار خیال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چرچ کی گھنٹیاں بج سکتی ہیں تو اذان بھی دی جاسکتی ہے ۔ حسن میڈیا آرگنائزیشن Zeteo کے ایڈیٹر اِن چیف اور سی ای او ہیں ۔ انہوں نے برینڈن کی جانب سے اذان کی مخالفت کے جواب میں کہا کہ ہم بھی امریکی ہیں جیسے آپ ہو ، اور ہم کسی کی بھی بے تکی باتیں برداشت نہیں کریں گے ۔ برینڈن نے کہا تھا کہ میری شریک حیات عیسائی ہے اور وہ مسلم عبادت کیلئے لاؤڈ اسپیکر پر اذان کی سماعت برداشت نہیں کرسکتی ہے ۔