واشنگٹن : امریکی بحریہ کے آپریشنز کے سربراہ نے پیر کو استعفیٰ دے دیا جب کہ اسقاط حمل کی پالیسی پر ایک سینیٹر کے ساتھ تعطل کی وجہ سے ملک کی فوج کی تین شاخیں بغیر مستقل سربراہوں کے کام کر رہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ریپبلکن سینیٹر ٹومی ٹوبرویل 300 سے زیادہ امریکی فوجی نامزدگیوں کی منظوری روک رہے ہیں، ری پبلکن سینیٹر ان فوجیوں کی مدد کے لیے محکمہ دفاع کی ان کوششوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں جنہیں تولیدی صحت کی دیکھ بھال حاصل کرنے کے لیے سفر کی ضرورت ہے جب کہ وہ اہلکار ایسے مقامات پر تعینات ہیں جہاں وہ سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔آرمی، نیوی اور میرین کور کی سربراہی کے لیے منتخب ہونے والے افسران ان نامزد افراد میں شامل ہیں جنہیں ٹومی ٹوبرویل نے متفقہ رضامندی کے ساتھ سینیٹ سے جلد منظور ہونے سے روک رکھا ہے۔قانون ساز اب بھی انفرادی طور پر نامزدگیوں پر ووٹ دے سکتے ہیں لیکن اس زیادہ وقت طلب عمل کو اب تک استعمال نہیں کیا گیا ہے۔امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے ایڈمرل مائیک گلڈے کی دفتر سے الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بلینکٹ ہولڈ کی وجہ سے آج سے محکمہ دفاع کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہماری تینوں فوجی سروسز سینیٹ سے تصدیق شدہ سربراہوں کے بغیر کام کر رہی ہیں، اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، یہ غیر ضروری اور غیر محفوظ ہے۔