نیویارک: امریکی سینیٹرز اور ارکان کانگریس نے نسلی منافرت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایشیائی برادری پر حالیہ حملے کی مذمت کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکہ میں گزشتہ چند دنوں سے ایشیائی برادری شدت پسندوں کے نشانے پر تھی، جس کے خلاف نیویارک کے یونین اسکوائر پر احتجاج کیا گیا۔ اجتماع میں میئر، سینیٹرز اور ارکان کانگریس نے شرکت کی، اور ایشیائی برادری پر حالیہ حملے کی مذمت کی۔ احتجاج میں شریک شرکا نے تعصب، نسلی منافرت کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مقررین نے خطاب میں کہا کہ ٹرمپ کے دور میں پھیلائی گئی نسلی منافرت کے نتائج بھگت رہے ہیں۔ تعصب اور نسلی منافرت کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ یونین اسکوائر پر شرکا نے اٹلانٹا میں ہلاک افراد کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔
