واشنگٹن: امریکی حکومت نے جمعرات کو سپریم کورٹ سے اجازت ملنے کے بعد قتل کے ایک اور مجرم کو سزائے موت دے دی۔ایک ہفتے کے دوران دوسرے قاتل کو انجام تک پہنچایا گیا ہے۔ ویسلے ایرا پرکے کو ریاست انڈیانا کی وفاقی جیل میں زہر کا انجکشن لگا کر موت کی نیند سلایا گیا۔پرکے کو چہارشنبہ کو سزائے موت دی جانی تھی لیکن ایک ماتحت عدالت نے اس پر حکم امتناع جاری کر دیا تھا۔ جمعرات کو سپریم کورٹ نے امتناع کو ختم کر کے سزا پر عمل کی اجازت دی تھی۔ماتحت عدالت کے جج نے کہا تھا کہ پرکے کے وکیل کے ان دلائل کو سنا جانا چاہیے کہ وہ سزائے موت کے قابل نہیں، کیوں کہ وہ اسے اپنے جرم کی سزا نہیں سمجھتا، وہ دماغی عارضے میں مبتلا ہے اور بھولنے کی بیماری کی وجہ سے اس کی ذہنی صحت متاثر ہوئی ہے۔سپریم کورٹ کی کنزرویٹو اکثریت نے امتناع ختم کرنے کے فیصلے کے ساتھ تحریری رائے جاری نہیں کی۔