امریکہ میں براؤن انڈے مارکٹ سے واپس منگوالیے گئے

   

واشنگٹن، 29 اگست (یو این آئی) امریکہ میں براؤن انڈے مارکٹ سے واپس منگوالیے گئے ، متاثرہ انڈے سالمونیلا کے پھیلاؤ سے منسلک پائے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں براؤن انڈے مارکٹ سے واپس منگوالیے گئے ، امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے کہا کہ سن شائن یوکس اور اومیگا تھری گولڈن یوکس نامی انڈے جہاں سے بھی خریدے گئے ہیں، فوری طور پر واپس کردیے جائیں۔ رپورٹ میں بتایا کہ متاثرہ انڈے سالمونیلا کے پھیلاؤ سے منسلک پائے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں اب تک 14 ریاستوں میں 95 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سالمونیلا کے عام اثرات میں شدید دست، 102 فارن ہائیٹ سے زائد بخار، قے ، پانی کی کمی، منہ اور گلے کا خشک رہنا اور چکر آنا شامل ہیں، یہ علامات عموماً متاثرہ انڈے کھانے کے 6 گھنٹے سے 6 دن کے اندر ظاہر ہوتی ہیں۔