واشنگٹن ۔ 26 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) تقریباً 3.3 ملین امریکیوں نے گزشتہ ہفتے بیروزگاری سے متعلق فوائد کیلئے درخواست دی ہے، جو 1982 ء میں سابقہ ریکارڈ کے مقابل 5 گنا زیادہ ہے۔ یہ اثر کورونا وائرس کے سبب وسیع تر معاشی ابتری کے باعث سمجھا جارہا ہے۔ درخواستوں میں تیزی سے اضافہ عکاس ہے کہ معیشت پر عالمی وباء کا بہت برا اثر پڑ رہا ہے۔ بیروزگاری پر امداد کیلئے درخواست سے عام طور پر لوگوںکی معاشی حالت کا پتہ چلتا ہے۔ آٹو موبائیل انڈسٹری میں فروخت میں تیزی سے گراوٹ آئی ہے۔نوکریوں میں بھی تیزی سے کمی نوٹ کی جارہی ہے۔