امریکہ میں تلنگانہ کا نوجوان اشرار کے حملہ میں ہلاک

   

حیدرآباد۔/5مارچ، ( سیاست نیوز) امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے روانہ ہونے والا تلنگانہ کا ایک اور نوجوان اشرار کی گولی کا نشانہ بن گیا۔ امریکہ میں گن کلچر کے فروغ میں تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے ساتھ خاندان کی کفالت کیلئے عارضی ملازمت کرنے والے نوجوانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایک تازہ ترین معاملہ میں امریکہ کے وسکانسن ملونکی شہر میں رنگاریڈی ضلع سے تعلق رکھنے والے نوجوان کو گولی ماردی گئی۔ شاد نگر اسمبلی حلقہ کے کیشم پیٹ منڈل سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ جی پراوین کو 5 مارچ کی صبح نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکہ روانہ ہونے والے پراوین ایم ایس سیکنڈ ایئر کی تعلیم حاصل کررہے تھے اور وہ پارٹ ٹائم ملازمت کررہے تھے۔ چہارشنبہ کو ڈیوٹی سے واپسی کے دوران اشرار نے ان پر فائرنگ کردی۔ انہیں مکان کے قریب نشانہ بنایا گیا اور وہ برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ مقامی افراد اور حکام نے والدین کو اس واقعہ کی اطلاع دی ہے۔ بعض گوشوں کی جانب سے اسے خودکشی قرار دیا گیا ہے تاہم اس سلسلہ میں متعلقہ حکام کی جانب سے وضاحت نہیں کی گئی۔1