امریکہ میں تلنگانہ کے ایک اور طالب علم کو گولی مار دی گئی

   

والدین پر سکتہ ، رکن اسمبلی سدھیر ریڈی ، سابق وزیر ہریش راؤ نے پرسہ دیا
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ایک اور طالب علم کو امریکہ میں گولی مار دی گئی ۔ بی چندر شیکھر بی این ریڈی نگر ایل بی نگر سے تعلق رکھتا تھا ۔ 28 سالہ چندر شیکھر اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکہ گیا تھا جو ٹیکساس سٹی میں قیام پذیر تھا ۔ چندر شیکھر گیاس اسٹیشن پر کام کرتا تھا اور گیس اسٹیشن پر گیس کیلئے پہونچے سیاہ فام شہری نے چندر شیکھر پر فائرنگ کردی ۔ امریکی پولیس کے مطابق 4 اکٹوبر کی صبح اولین ساعتوں میں یہ واردات پیش آئی ۔ امریکہ میں سیاہ فام بندوق بردار کے ہاتھوں ہلاک چندر شیکھر کے افراد خاندان ٹیچرس کالونی میں مقیم ہیں ۔ بیٹے کی ہلاکت کی اطلاع سے والدین پر سکتہ طاری ہوگیا ۔ چندر شیکھر نے بی ڈی ایس کی تکمیل کے بعد اعلیٰ تعلیم ڈینٹل سرجری پی جی کیلئے ایف (F1) 1 ویزا پر امریکہ کا رخ کیا اور تعلیم کے ساتھ گیس اسٹیشن پر کام کرتا تھا ۔ کام کے دوران گیس اسٹیشن پہونچے سیاہ فام باشندہ نے حملہ کرتے ہوئے ہلاک کردیا ۔ واقع کی اطلاع کے ساتھ ہی مقامی رکن اسمبلی سدھیر ریڈی اور سابقہ وزیر ہریش راؤ متوفی کے مکان پہونچے اور افراد خاندان کو پرسہ دیا اور نعش کو جلد از جلد ملک لانے کے اقدامات کی حکومت سے مطالبہ کیا ۔۔ ع