ماہرین قانون کی ڈاکٹر چناریڈی سے ملاقات، ٹرمپ کی پالیسی سے طلبہ کو محفوظ رکھنے کی اپیل
حیدرآباد 16 جون (سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ ڈاکٹر جی چناریڈی نے امریکہ میں مقیم ماہرین قانون کو مشورہ دیا کہ وہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی نئی پالیسیوں کے نتیجہ میں متاثر ہونے والے ہندوستانی طلبہ اور این آر آئیز کی قانونی مدد اور رہنمائی کرے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی این آر آئی ڈپارٹمنٹ کے کنوینر امریندر ریڈی کی قیادت میں امریکہ سے تعلق رکھنے والے لا ڈپارٹمنٹ کے اٹارنی نے پرجا بھون میں ڈاکٹر چناریڈی سے ملاقات کی۔ امریکہ میں اٹارنی کے طور پر خدمات انجام دینے والے 5 ماہرین قانون نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ امریکہ کی تازہ ترین صورتحال سے واقف کرایا۔ ڈاکٹر چناریڈی نے کہاکہ ٹرمپ کے بعض متنازعہ فیصلوں کے نتیجہ میں ہندوستانی طلبہ کو دشواریوں کو سامنا ہے۔ طلبہ میں خوف کا ماحول پایا جاتا ہے۔ ایمگریشن، ویزا اور روزگار کے سلسلہ میں دشواریوں کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے چناریڈی نے امریکی ماہرین قانون سے اپیل کی کہ وہ ہندوستانیوں کی قانونی مدد کریں تاکہ اُن کی تعلیم متاثر نہ ہونے پائے۔ چناریڈی نے کہاکہ دیگر ممالک کے لئے قانونی امداد کی طرز پر تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی مدد کی جانی چاہئے۔ امریکہ میں مقیم تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے صنعت کار سومی ریڈی اور سنتوش ریڈی نے ماہرین قانون کے ذریعہ ہندوستانی طلبہ کی مدد اور رہنمائی کا بھروسہ دلایا ہے۔ ڈاکٹر چناریڈی نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ مشکل حالات میں تلنگانہ کے باشندوں بالخصوص طلبہ کی رہنمائی کریں تاکہ اُنھیں ٹرمپ کی پالیسیوں سے نقصان نہ ہو۔1