ڈٹیرائٹ (یو ایس)۔16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وی یونائٹیڈ آٹو ورکرس یونین نے پیر کے روز جنرل موٹرس کے خلاف ملک گیر پیمانے پر ہڑتال کا آغاز کردیا جس میں 46,000 ملازمین نے کنٹراکٹ سے متعلق بات چیت کے تعطل کا شکار ہونے پر ہڑتال کا فیصلہ کیا۔ وال اسٹریٹ نے اس ہڑتال کو گزشتہ دس سالوں میں پہلی سب سے بری ہڑتال سے تعبیر کیا ہے جس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ ورکرس کے سالانہ کنٹراکٹ کی میعاد پوری ہونے کے بعد اس کی تجدید نہیں کی گئی جس کے بعد مقامی یونین لیڈروں نے ڈیٹرائٹ میں ملاقات کرتے ہوئے اتوار کی نصف شب سے ہڑتال پر جانے کا فیصلہ کرلیا۔ یو اے ڈبلیو نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر یہ بات بتائی۔ اس موقع پر یونین کے کلیدی مذاکرات کار ٹیری ڈیٹیس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ہڑتال پر جانا ہمارا آخری متبادل تھا اور ہم اس ملک کے کام کرنے والے جفاکش ورکرس کے بنیادی حقوق کی تائید میں ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں۔