امریکہ میں حیدرآبادی خاتون ارجمند جویریہ کو باوقار ایوارڈ

   

سماج کے غریب طبقات کی مدد کا اعتراف ، نیوجرسی میں متاثرکن تقریب

حیدرآباد ۔ 28مارچ ( سیاست نیوز) اپنے آپ کیلئے تو سب جیتے ہیں لیکن کمال تو تب ہے جب کوئی اپنے لئے نہیں بلکہ دوسرو ں کیلئے جیئے ۔اگر یہ پاکیزہ جذبہ کسی کے دل میں پیدا ہوجائے تو پھر وہی انسان کامیاب ہے ۔ ایسے ہی کامیاب انسانوں میں حیدرآباد نامپلی سے تعلق رکھنے والے محمد عبدالاحد کی دختر ارجمندر جویریہ بھی شامل ہیں جو نیوجرسی امریکہ میں مقیم ہیں ، پیشہ سے فارماسسٹ ارجمند جویریہ کو ان کی غیر معمولی سماجی خدمات کے صلہ میں سٹی آف جرسی ( نیوجرسی) کے دفتر سٹی کونسل کی جانب سے ویمن آف ایکشن ایوارڈ 2022 عطا کیا گیا ۔ اس موقع پر کونسل ہال میں مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے معزز مرد و خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی جنہیں ارجمند جویریہ کی سماجی خدمات سے تفصیلی طور پر واقف کروایا گیا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ انہوں نے سنگارینی ہائی اسکول سے امتیازی نشانات کے ساتھ ایس ایس سی میں کامیابی حاصل کی ۔ گنٹور سے انٹرمیڈیٹ کیا ، شاداں کالج سے بی فارمیسی اور فارمیسی مینجمنٹ میں امریکہ سے ایم ایس کیا ۔ انہوں نے صرف اس پر اکتفا نہیں کیا بلکہ ایم بی اے مارکیٹنگ بھی کیا اور تعلیمی سفر میں ہمیشہ نمایاں کامیابی حاصل کی ۔ ارجمندر جویرہ نیوجرسی میںمقیم ہیں اور خاص طور پر بے گھر Homeless مرد و خواتین کی بہبود اور ان کی مدد میں آگے رہتی ہیں ، وہ امریکہ میں ہی نہیں بکہ تلنگانہ میں بھی غریب قبائلیوں کی مدد کرتی ہیں ۔ بورویلس نصب کرواتی ہیں ، غرباء میں کھانے کی تقسیم میں مصروف تنظیموں کی مدد کرتی ہیں ۔ مساجد کی تعمیر میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے ۔ وہ بچپن سے ہی اس طرح کے نیک کاموں میں دلچسپی لیا کرتی تھیں اور اس کا کریڈٹ جویریہ کے والد محمد عبدالاحد اور ان کی والدہ قمر جہاں کو جاتا ہے ۔ جناب محمد عبدالاحد نے بحیثیت منیجر سنگارینی کالریز میں 42برسوں تک نمایاں خدمات انجام دیں ۔ ان کی ایک اور بیٹی بھی امریکہ میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے ۔ واضح رہے کہ ویمن آف ایکشن ایوارڈ ایسی خواتین کو دیا جاتا ہے جو معاشرہ میں مثبت تبدیلیوں اور کمیونٹی کی غیر معمولی خدمات انجام دیتی ہیں ۔ انہوں نے کئیر ہاسپٹل سے لاجسٹک منیجر کی حیثیت سے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کیا تھا۔