واشنگٹن : 21اگست ( ایجنسیز ) امریکی ریاست نیو ہیمپشائر میں ایک خاتون نے شوہر اور دو بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق نیو ہیمپشائر کے علاقے میڈبوری میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں خاتون نے اپنے شوہر اور دو کمسن بچوں کو گولی مارنے کے بعد اپنی جان لے لی۔امریکی اٹارنی جنرل کے دفتر کے مطابق 34 سالہ ایملی لانگ کی لاش گھر سے ملی جس نے سر پر خود کو گولی مار کر خودکشی کی۔ اس سے قبل اس نے اپنے شوہر 48 سالہ رائن لانگ اور دو بچوں 8 سالہ پارکر اور 6 سالہ رائن کو گولی مار کر ہلاک کیا۔ تفتیشی رپورٹ کے مطابق دونوں بچوں کو سر پر گولی ماری گئی جبکہ شوہر کو متعدد گولیاں لگیں۔ خاتون کا شوہر رائن لانگ کینسر کے آخری مراحل میں تھا۔واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آلہ قتل برآمد کرلیا، جہاں پولیس کو ایک 3 سالہ بچہ بھی ملا جو واقعہ میں محفوظ رہا، جسے اس کے رشتہ داروں کے حوالے کردیا گیا۔تحقیقات کے مطابق خودکشی کرنے والی خاتون سوشل میڈیا پر اکثر اپنے ذہنی دباؤ اور شوہر کی بیماری سے متعلق مایوسی کا اظہار کرتی رہتی تھی۔ واقعہ سے دو روز قبل بھی اس نے ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں وہ اپنی مشکلات کا ذکر کر رہی تھیں۔