واشنگٹن ۔ 5 ڈسمبر (ایجنسیز) امریکی ریاست ورجینیا سے داعش کی معاونت کے الزام میں افغان باشندے کو گرفتار کرلیا گیا۔امیگریشن کسٹم انفورسمنٹ نے افغان باشندے جان شاہ صفی کو ایک روز قبل ورجینیا کے شہر وینس بورو سے گرفتار کیا۔ ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق ملزم نے افغانستان میں اپنے والد کو اسلحہ پہنچایا جو داعش کمانڈر ہے۔ملزم جان شاہ صفی 2021 میں بائیڈن انتظامیہ کے الائیز ویلکم پروگرام کے تحت امریکہ پہنچا تھا۔ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق صفی نے امریکہ میں داخلے کے بعد عارضی محفوظ حیثیت کیلئے درخواست دی تھی جو بعد میں منسوخ کی گئی۔ہوم لینڈ سیکرٹری کرسٹی نوم نے سابقہ حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے بغیر مناسب جانچ پڑتال کے لوگوں کو امریکہ آنے دیا۔یاد رہیکہ اسے قبل بھی 2 افغان شہریوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے، واشنگٹن میں نیشنل گارڈز پر فائرنگ کے بعد رحمان اللہ لکنوال کو گرفتار کیا گیا۔واشنگٹن واقعہ کے چند روز بعد ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں بم دھمکی کے الزام میں محمد داؤد الوکزئی کو بھی گرفتار کیا گیا۔یہ دونوں افغان شہری بھی آپریشن الائز ویلکم کے تحت امریکہ میں داخل ہوئے تھے۔