لاکھوں افراد 2 دن سے پانی اور بجلی سے محروم
نیویارک: امریکہ میں تقریباً ایک ہفتے سے شدید سردی کی لہر سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 58 تک پہنچ گئی ہے۔ریاست ٹیکساس سمیت ملک کے اندرونی اور جنوبی علاقے شدید برفباری، یخ بستہ ہواؤں اور نامساعد موسمی حالات سے دو چار ہیں۔ اطلاع کے مطابق شدید سردی اور مختلف حادثات سے اب تک 58 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔کم از کم 6 افراد اپنے اپنے گھروں میں ٹھٹھر کر دم توڑ گئے ہیں،تو اپنی گاڑیوں میں داخل ہوتے ہوئے گرمی حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے متعدد افراد کاربن مونو آکسائیڈ جیسی زہریلی گیس سے متاثر ہوئے ہیں،جبکہ بعض اپنے گھروں میں گرمی کے لیے آگ جلاتے وقت اس کی زد میں آتے ہوئے ہلاک ہوئے۔برف باری اور یخ بستہ ٹھنڈ کل سے جنوبی ریاستوں ورجینیا، میری لینڈ اور پنسلووینیا سے شمال مشرقی ریاستوں کی جانب بڑھ رہی ہے، امریکی صدر جو بائیڈن نے کل رات ٹیکساس کے گورنر ایبٹ سے ٹیلی فون پر رابطہ قائم کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی اضافی امداد کے معاملے پر بات چیت کی۔امریکہ میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی ہے جس کے باعث لاکھوں لوگ 2 روز سے پانی اور بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں۔امریکہ کی کئی ریاستیں اس وقت شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں ۔