واشنگٹن ۔ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک اعلیٰ سطحی ہندوستانی سفارتکار نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں زائد از 9 لاکھ افراد ہندی زبان بولتے ہیں جس کا سہرا ہندوستانی سفارتخانہ کے سر بندھنا چاہئے کیونکہ وہاں امریکی شہریوں اور دیگر بیرونی ممالک کے شہریوں کیلئے ہندی زبان سکھانے کی مفت کلاسیس چلائی جاتی ہیں۔ اس موقع پر ہندوستانی سفارتخانہ کے انچارج امیت کمار نے کہا کہ یہ جان کر بڑی خوشی ہوتی ہیکہ امریکہ میں ہندی نہ صرف بولی جاتی ہے بلکہ بڑے پیمانے پر اس زبان کو سکھایا بھی جاتا ہے۔ ہندوستانی سفارتخانہ میں منعقدہ ’’وشو ہندی دیوس‘‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکہ کے کئی اسکولوں میں بھی ہندی زبان پڑھائی جاتی ہے۔ مسٹر کمار نے بتایا امریکی کمیونٹی سروے (ACS) کے مطابق زائد از 9 لاکھ افراد امریکہ میں ہندی زبان بولتے ہیں۔