H1-B ویزا فیس میں اضافہ صرف بیرونِ ملک درخواست گزار پر لاگو
واشنگٹن : /21 اکٹوبر (ایجنسیز) امریکہ کی شہریت و امیگریشن سروس
(USCIS) نے واضح کیا ہے کہ H1B ویزا فیس میں حالیہ اضافہ اْن افراد پر لاگو نہیں ہوگا جو پہلے سے امریکہ میں مقیم ہیں۔ یہ رعایت خاص طور پر اْن غیر ملکی طلبہ اور پروفیشنلز کے لیے ہے جو امریکہ میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد مقامی سطح پر ملازمت کے مواقع حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔USCIS کے مطابق، فیس میں اضافہ صرف اْن درخواست دہندگان کے لیے ہوگا جو امریکہ کے باہر سے H1B ویزا کے لیے نئی درخواستیں جمع کروا رہے ہیں۔ جبکہ امریکہ میں پہلے سے رہنے والے، تعلیم حاصل کرنے والے یا موجودہ ویزا کی تجدید کے خواہاں افراد پر اس اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ماہرین کے مطابق، یہ فیصلہ امریکی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم بین الاقوامی طلبہ کے لیے ایک بڑی راحت کے طور پر سامنے آیا ہے۔ کیونکہ بیشتر غیر ملکی طلبہ، خاص طور پر ہندوستان سے تعلق رکھنے والے، اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد H1B ویزا کے تحت امریکی کمپنیوں میں ملازمت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔قابلِ ذکر ہے کہ H1B ویزا کے ذریعے امریکہ ہر سال ہزاروں غیر ملکی ماہرینِ فن کو مختلف شعبوں میں کام کرنے کا موقع دیتا ہے، جن میں ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، میڈیکل، ریسرچ اور مالیاتی خدمات شامل ہیں۔نئے فیصلے سے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ امریکی یونیورسٹیوں میں بین الاقوامی طلبہ کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا اور امریکی کمپنیوں کے لیے بھی ہنرمند افراد تک رسائی آسان رہے گی۔