امریکہ میں سرڈھانکنے کی قدیم پابندی کا خاتمہ

   

واشنگٹن ۔5 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی کانگریس میں سر ڈھانک کر آنے پر عائد 181 سال قدیمی پابندی ختم کر دی گئی۔امریکی کانگریس کے نئے نمائندگان نے 1837 میں لگنے والی اس پابندی کو ختم کر دیا، 181 سال میں پہلی بار خواتین با حجاب ہو کر ایوان میں آسکیں گی۔گزشتہ روزامریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں منتخب ہوکر پہلی مرتبہ کانگریس پہنچنے والی دو مسلمان خواتین راشدہ طلیب اور الہان عمر نے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھایا اور اسی دن الہان عمر کی سر ڈھانپنے کے قانون میں ترمیم پر ووٹنگ ہو ئی۔ مشی گن سے منتخب ہونے والی راشدہ طلیب اور منی سوٹا سے الہان عمر کو پہلی مسلمان خواتین ہونے کا اعزاز حاصل ہے جنہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے کانگریس کے ایوان نمائندگان تک رسائی حاصل کی۔37 سالہ الہان عمر نے حجاب کے ساتھ حلف اٹھایاجس کی چیمبر میں گزشتہ 181 سال سے پابندی تھی۔ الہان عمر نے اس پابندی کو ختم کرنے کی خوشی کا اظہار ٹوئٹر پیغام میں یوں کیا کہ ’’ کانگریس نے 181 سالہ سر ڈھانکنے کی پابندی ختم کر دی ، میں اپنے ساتھیوں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے ایوان میں خوش آمدید کیا ، میں اس دن کی منتظر ہوں جب امریکہ میں مسلمانوں پر سے دیگر عائد پابندیاں بھی ہٹادی جائیں گی‘‘۔