حیدرآباد ،5 اگست (یو این آئی) امریکہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں اے پی کے ضلع چتور کا رہنے والا ایک طالب علم ہلاک ہوگیا۔ضلع کے آئرالہ منڈل کے مریم گنگن پلی کے رہنے والے اوماپتی نائیڈو اور ان کی اہلیہ اوما دیوی بنگالورو منتقل ہوگئے ۔ان کا بیٹا 24سالہ وویک امریکہ کے نارتھ کیرولینا کی یونیورسٹی میں اعلی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔وہ امریکہ کے شہر شیرلوٹ میں ایک پٹرول پمپ میں ملازمت بھی کر رہا تھا۔جمعہ کی شب پٹرول پمپ میں کام کرنے کے بعد وہ گھر واپس ہورہا تھا کہ ایک گاڑی نے اس کو ٹکر دے دی۔اس حادثہ میں وویک ہلاک ہوگیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا۔وویک کی لاش بدھ کو اس کے آبائی مقام لائی جائے گی۔اس کے رشتہ داروں نے یہ بات بتائی۔اس کے رشتہ داروں نے مزید کہا کہ وویک ہمیشہ تعلیم میں آگے رہا کرتا تھا۔وویک کے والد ایک وکیل ہیں تاہم وہ اپنے خاندان کے ساتھ بنگالورو منتقل ہوگئے۔ وویک نے پانچویں جماعت تک چتور میں تعلیم حاصل کی تاہم چھٹویں جماعت سے بی ٹیک کی اپنی تعلیم بنگالورو میں مکمل کی۔اعلی تعلیم حاصل کرنے کیلئے وہ امریکہ گیا تھا۔
